اکبر بارکزئی نے اکادمی ادبیات کا ایوارڈ لینے سے انکار کر دیا!
اکبر بارکزئی نے اکادمی ادبیات کا ایوارڈ لینے سے انکار کر دیا!
تحریر: عابد میر
تحریر: عابد میر
بلوچی کے معروف شاعر و ادیب اکبر بارکزئی نے حال ہی میں اکادمی ادبیات پاکستان کی جانب سے بلوچی نثر میں بہترین کتاب کا اعلان کیا گیا ایوارڈ لینے سے انکار کر دیا ہے۔
یہ خبر انھوں نے خصوصی طور پر ایڈیٹر حال حوال کے نام ای میل میں بھجوائی ہے اور اس حوالے سے اپنا تفصیلی مؤقف شائع کرنے کی گزارش کی۔
مذکورہ ای میل کے ساتھ انھوں نے وہ ای میل بھی فارورڈ کی ہے جو انھوں نے اکادمی ادبیات کے چیئرمین ڈاکٹر یوسف خشک کے نام لکھی ہے۔ اس ای میل میں انھوں نے ڈاکٹر خشک کو لکھا کہ مجھے ایک دوست کے ذریعے علم ہوا کہ میری کتاب کو اکادمی ادبیات کے ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے، اس عزت افزائی پر میں آپ کا شکرگزار ہوں مگر معذرت خواہ ہوں کہ میں یہ ایوارڈ لینے سے قاصر ہوں۔
ایڈیٹر حوال کی جانب سے پوچھے گئے سوال کہ آخر وہ یہ ایوارڈ کیوں قبول نہیں کرنا چاہتے؟ انھوں نے جوابی ای میل میں لکھا؛
“یہ یاد دلانے کا شکریہ کہ میں ایوارڈ نہ لینے کا سبب بیان نہیں کر سکا، یقیناً اس کا سبب بلوچستان پر حکومت کی مسلط کی گئی پالیسیاں ہیں جنھوں نے عوام کو محکوم بنا رکھا ہے.”
واضح رہے کہ اکادمی ادبیات پاکستان کے اعلان کے مطابق “قومی ادبی ایوارڈ 2018” (انعام دو لاکھ روپے) کے تحت مختلف زبانوں میں لکھی جانے والی کئی کتابوں کو ایوارڈ کا اعزاز ملا۔ ان ہی میں بلوچی زبان میں چھپنے والی واجہ اکبر بارکزئی کی کتاب “زبان زانتیءٌ بلوچی زبان زانتی” کے لیے نثر کے شعبہ میں سید ظہور شاہ ہاشمی ایوارڈ کا اعلان کیا گیا۔ جسے انھوں نے لینے سے انکار کر دیا ہے۔
اکبر بارکزئی بلوچی شعر و ادب کا معروف نام ہیں۔ وہ بنیادی طور پر لیاری سے تعلق رکھتے ہیں۔ سن ستر کی دہائی میں بائیں بازو کی سیاست میں متحرک رہے۔ ان کا شعری مجموعہ “روچ ءَ کئے کشت کنت” کے نام سے شائع ہو چکا ہے۔ اَسی کی دَہائی میں مستقل طور پر لندن منتقل ہو گئے۔ اس وقت اُن کی عمر اَسی سال کے قریب ہے۔ وہ اب بھی بلوچی ادب سے وابستہ ہیں اور مستقل ادبی سرگرمیوں میں مشغول رہتے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جنرل مشرف کے دور میں حکومت سے اختلاف کی بنیاد پر پروفیسر نادر قمبرانی اکادمی ادبیات پاکستان کا ایوارڈ واپس کر چکے ہیں۔ صبا دشتیاری نے بھی احتجاجاً ایوارڈ واپس کر دیا تھا، البتہ ایوارڈ کی رقم انھوں نے سید ہاشمی ریفرنس لائبریری کو عطیہ کر دی تھی۔