مسکراتی لڑکی ۔ سنگت بلوچ کی اردو نظم
نظم
شاعر: سنگت بلوچ
!مسکراتی لڑکی
پہاڑوں پر مسکراتی لڑکی
جب تم پہلی بار بلوچی دوچ میں
پہاڑوں پر مسکرارہی تھی
تب میں جان گیا
کہ تم محبت کےلیے بنی ہو
اور
تمہاری مسکراہٹ میری نظموں کےلیے بنی
تو میں نے تمہیں اپنا دل دیا
نڈر لڑکی
تم ایک شاعر کے دکھوں کو خریدنا چاہتی تھی
گنوک لڑکی
تم نہیں جانتی تھی
کہ ایک شاعر کے سینے میں ہزار دکھ ہوتے ہیں
پھر شاعر بھی بلوچستان کا
وہاں جہاں لفظوں سے زیادہ لوگ لاپتہ ہوں
جہاں ہر گام پہ کسی اپنے کی چیخ و پکار ہو
جہاں مرنے کی کوئی تاریخ نہ ہو
نظموں سے زیادہ لاشیں ہوں
نازک کلی
تم ایک ایسے شاعر کے دکھوں کو خریدنا چاہتی تھی
جس کے سینے میں
سوا کروڑ دکھ تھے
چلتن جیسی لڑکی
اس شاعر نے تمہارے نازک دل کو پتھر بنادیا
مجھے یہ دکھ نہیں کہ تم ملی
مجھے یہ مان ہے کہ تم نے
دستار کے آگے محبت کی قربانی دی
مسکراتی لڑکی
تمہارے سینے میں ہزار دکھ ہیں
اپنوں کی گمشدگی
وطن کی آہیں
محبت کی جدائی
ہزار دکھ سینے میں لیے
تم مسکراتی ہو
کمال کرتی ہو
٭
مشکل الفاظوں کے معنی : بلوچی دوچ : بلوچی لباس، گنوک: نادان