اُونٹ کی فریاد۔ شاعر : مبارک قاضی۔ مترجم: عمران ثاقب
اُونٹ کی فریاد
(مبارک قاضی)
اے خدا!
اے منصف و پروردگار!
اے ہست کے سرّنہاں کے رازدار!
آج کے دن بخش دے اِس گوسفندِ چارہ خور کو
اے خدا!
مَیں ترا فریادی ہوں
تجھ سے میری دست بستہ عرض ہے
کچھ سوالوں کے مجھے دے دے جواب
اے خدا!
کچھ دنوں سے اپنی بستی میں عجب صورت سپاہی آئے ہیں
مار ڈالا ہے جنھوں نے
*مات و طفلِ شیر خوار، پیر مرد و نوجواں
قتل کر کے برہنہ پھینکا اُنھیں
اور کتنوں کو وہ اغوا کر گئے
(کون جانے اب وہ زندہ ہیں کہ مر گئے)
ساری بستی کو لگا کر آگ پھر
مال و اسباب ساتھ اپنے لے گئے
کچھ بھی نہ باقی رہا
ایک مَیں بس اپنے چھ بچوں کے سنگ باقی بچا
جا بہ جا سرگرداں اب مَیں پھر رہا
دیدنی کوئی نہ مردِ مہرباں
کوچ کر گئے ساکناں
اے خدا!
اے منصف و پروردگار!
اے مہربان!
اے خدا!
مَیں ششدر و حیران ہوں کہ کیا کروں
کہ اب دری لشکر ہر گلی ہر گھر ہے میری کھوج میں
آسماں پہ اُڑ رہے جنگی جہاز
گُل زمیں پہ توپ و ٹینک
اے ہست کے سرّنہاں کے رازدار!
پروردگار!
کچھ سوالوں کی اجازت دے مزید
مَیں نے کس کو جنگ کی دی تربیت کس کیمپ میں؟
مَیں نے کس بازار میں جا کر جلائی ہیں بسیں؟
مَیں نے کس جرنیل کے گھر کو اُڑایا بم سے ہے؟
مَیں نے کس زردار کے بچّے کو اغوا ہے کیا؟
مَیں نے کس دن ریل کی پٹری اُڑائی ہے بھلا؟
مَیں نے کب لُوٹی ہے بینک؟
اے خدا!
کام اپنا اور کیا؟
بندگی مالک کی بس!
جو بھی اُس کا حکم ہو
ہم بجا لاتے ہیں وہ
اور ترا بندہ حفیظ و الامان
اے خدا صد شکر مَیں انساں نہیں!!
بلوچی سے ترجمہ: عمران ثاقب
مشمولہ: مہرنامہ 1، بہار 2022ء