بلوچستان کا ادبی پسِ منظر۔ عابد میر
بلوچستان کا ادبی پسِ منظر۔ عابد میر
قحط الرجال والا معاملہ، آئیے اب ذرا بلوچستان کے پس منظر میں دیکھتے ہیں۔
شاہ محمد مری صاحب گزشتہ تین دہائیوں کے دوران ستر کے قریب تصانیف اور لگ بھگ اسی عمر کے ساتھ ہمارے درمیان موجود ہیں۔ ان کے متنوع موضوعات اور ان کے اثرات ہمارے سامنے کی بات ہے۔ صورت خان مری صاحب ایک عرصے سے گو کہ اب صاحبِ فراش ہیں مگر ان کی کتابیں اب بھی چھپ رہی ہیں اور خاصی مقبول ہیں۔ تاریخ پر ڈاکٹر فاروق بلوچ اور ڈاکٹر حمید بلوچ نے ابھی ایک دہائی قبل ہی لکھنا شروع کیا اور درجنوں کتابوں کا اضافہ کر چکے ہیں۔
بلوچی ادب میں مبارک قاضی صاحب تو ابھی کل کی بات ہیں، منیر مومن ابھی اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ موجود ہیں۔ منیر بادینی صاحب ڈیڑھ سو ناولوں کے ساتھ موجود ہیں۔ غنی پرواز اب تک متحرک ہیں۔ اے آر داد صاحب کا قلم ابھی تروتازہ ہے۔ حنیف شریف کا پھر تازہ ناول آ رہا ہے۔ شرف شاد، فضل بلوچ مسلسل زبان کو تراجم سے معمور کر رہے ہیں۔ جان محمد دشتی، نصیر دشتی صاحب کی کتابیں بلوچی، انگریزی دونوں زبانوں میں اب تک چھپ رہی ہیں۔ لیاری میں رمضان بلوچ، کامریڈ واحد بلوچ، ملیر میں رمضان بامری صاحب اور سید ہاشمی ریفرنس لائبریری کے احباب ابھی شمع روشن رکھے ہوئے ہیں۔ مکران سے لیاری تک بلوچی فلم کا شعبہ گزشتہ دو دہائیوں میں بہت تیزی سے مالامال ہوا ہے۔ عندلیب گچگی اور زاہدہ رئیسی جیسی خواتین صنفی حصے کو بھی متحرک رکھے ہوئے ہیں۔
براہوی ادب میں ڈاکٹر منظور بلوچ، لیاقت سنی، افضل مراد، وحید زہیر، حمید عزیز آبادی، رازق ابابکی، غمخوار حیات سے حسن ناصر تک ایک طویل رو ہے لکھاریوں کی۔ حتیٰ کہ طاہرہ احساس جتک، حمیرا صدف حسنی، سعیدہ مینگل، نیلم مومل اور دیگر کی صورت میں خواتین لکھاریوں کی اتنی کھیپ براہوی ادب کی تاریخ میں شاید ہی کبھی رہی ہو۔۔۔ اتنی طویل اور زبردست کھیپ کہ جس پر “براہوی میں نسائی ادب” کے عنوان سے پوری کتاب لکھی گئی ہو۔ جس میں نوے فیصد تعداد اکیسویں صدی میں لکھنے والیوں کی ہے۔
اسی طرح بلوچستان کے اردو منظرنامے پر نظر دوڑائیں تو میں بہت محتاط ہو کر عرض کرتا ہوں کہ مجموعی طور پر اس وقت کوئٹہ اردو کی اعلیٰ شاعری کا مرکز ہے۔ بیرم غوری، سرور جاوید، سرور سودائی، افضل مراد، منیر رئیسانی، محسن شکیل، محسن چنگیزی، طالب حسین طالب، ایک طویل قطار ہے اچھے لکھنے والوں کی اور پھر تخلیقیت سے بھرا گوہر گھرانہ ایک طرف۔
فکشن کے ہمارے بے تاج بادشاہ آغا گل صاحب ہر سال افسانوں کی ایک نئی کتاب سامنے لا رہے ہیں، ایک سے بڑھ کر ایک شاندار افسانے۔ وسیم شاہد ابھی کچھ سال پہلے سامنے آئے، تین ناول اور ایک افسانوی مجموعہ دے چکے۔ فارس مغل، اسرار شاکر زبردست افسانہ لکھ رہے ہیں۔ امرت مراد، زیب لونی، فرزانہ خدرزئی، شازیہ لانگو، عابدہ رحمان صنفی توازن کو قائم رکھے ہوئی ہیں۔ ہاں ایک تنقید کا خانہ ہے جو اب تک ہمارے ہاں ذرا خالی ہی ہے۔ اس میں ایک دانیال کا کام ایسا ہے جو برسوں اسے ہمارے امر اور ہمیں فخرمند رکھے گا۔
کتاب کلچر، کتاب کاروان، کتاب میلے انہی دہائیوں میں ہمارے سامنے پنپ رہے ہیں۔ پاکستان میں جہاں پبلشرز رو رہے ہوتے ہیں، بلوچستان میں ہر چند سال بعد نئے پبلشر سامنے آ رہے ہوتے ہیں۔
سو، مجموعی طور بلوچستان میں تو مجھے لگتا ہے ہم ایک آئیڈیل عہد میں زندہ ہیں۔ ادبی اور سیاسی ہر لحاظ سے۔ خامیوں، کمیوں اور کوتاہیوں کے باوجود یہ ایک زبردست تخلیقی عہد ہے۔ اس پر “قحط الرجال” والا افسوس کرنا تو کسی صورت نہیں بنتا۔
بس عہد کو جاننے اور پہچاننے کی بات ہے!