لوڑی گری۔ قسط نمبر 8۔ تحریر: عبیداللہ ابدال
لوڑی گیری۔ قسط نمبر 8
تحریر: عبیداللہ ابدال
لوڑی بطور پیشہ
لفظ لوڑی لوہار،سنگتراش،ترکھان،موچی،ختنے کرنے والا،سر مونڈھنے والے،ڈھول اور شہنائی بجانے والے،خوشی اور غمی کی تقریبات میں مہمانوں کے ہاتھ دھلانے والے اور خدمت گزاروں کے لیے براہوئی زبان بولنے والے علاقوں میں مجموعی نام ہے۔اس لفظ کو اردو،ہندی اور پنجابی زبانوں کے معروف الفاظ کمی ،کمین کا مترادف سمجھا جاسکتا ہے۔
پاکستان کے معروف کالم نگار و دانشور حسن نثار نے اپنے کسی مضمون میں لفظ کمینہ پر بحث کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ہمارے معاشرے میں کام کرنے والے کو کام لفظ سے نسبت کی بناء پر کمی کہتے ہیں۔ اور اسی لفظ میں حقارت کا اضافہ کرکے کمی کو کمینہ کہا جاتا ہے۔حسن نثار کے الفاظ کا مفہوم تھا کہ استحصالی نظام میں لفظ کمینہ سے جو تصور وابستہ کیا جاچکا ہے۔ دراصل یہ سراسر غلط ہے۔کیونکہ کام کرنے والے کمی ہی باعث فخر ہیں۔اور دوسروں کی محنت پر عیش کرنے والے ہڈ حرام اور کاہل ہی دراصل کمینے اور نیچ ہیں۔ جن کے پاس لوٹ مار،دغا،فریب،دھوکہ دہی،رہزنی،ڈکیتی اور ظلم و زیادتی کے علاوہ کوئی ہنر نہیں۔۔جبکہ معاشرے کے ہنر مند اور محنتی افراد تو باعث عزت و افتخار ہیں۔ جو محنت بھی کرتے ہیں اور ہنر کی دولت سے بھی مالا مال ہیں۔(حسن نثار کے اس مضمون میں جاگیرداری نظام پر شعوری تنقید تھی۔الفاظ میں پاکستانی معاشرے پر طنز اور تاسف کے جذبات واضح تھے)۔
قطع نظر اس کے کہ لفظ لوڑی بلوچستانی ہنر مندوں کے لیے صوتی اعتبار سے لفظ کمی،کمین یا کمینہ سے کتنا نرم یا سنگین تر ہے۔لیکن یہ حقیقت ہے کہ بلوچی محاورے میں اس سے براہ راست مراد کمینگی ہے۔اسی طرح بلوچی معاشرے میں بھی غیر سنجیدگی،سبکی،کمّی اور کمزوری بلکہ کمینگی کے لیئے بھی یہی لفظ بلاامتیاز استعمال کیا جاتا ہے۔
بنیادی طور پر لفظ لوڑی براہوئی اور بلوچی زبان میں مروج و مستعمل ایک مشترک لفظ لوڑ سے مشتق ہے۔لوڑ بمعنی شامل،ملنا۔لیکن لوڑی بلوچستان میں ہنر مندوں و خدمت گزاروں کےلیے براہوئی زبان میں عام اور مخصوص لفظ ہے۔جبکہ بلوچی بولنے والے مختلف پیشوں کی نسبت اس نام کو مجموعی صورت میں کم استعمال کرتے ہیں۔بلکہ بلوچی میں لوہار کےلیے الگ لفظ آہن کار، آسِن کار،اُستا،سنار کے لیے زرگر،موچی کے لیے موچی مطلب ہر پیشے کے لیے الگ لفظ مخصوص ہے۔لیکن براہوئی میں سب کے لیے مشترک لفظ لوڑی مستعمل ہے۔
سرمستانی بطور قبیلہ
لوڑی بلوچستانی ہیں۔اس میں کوئی شک نہیں۔۔لوڑی چاکر اعظم کے زمانے سے اس معاشرے کا حصہ ہیں۔اس میں کوئی شک نہیں۔۔ لوڑی آج بھی ایک بڑی آبادی ہے۔اس میں کوئی شک نہیں۔۔لیکن جب پورا بلوچستان تاریخی لحاظ سے واضح نہیں۔۔بلوچ قوم کی بطور قوم تشکیل اور ترتیب بھی فی الوقت حتمی نہیں۔۔دستاویزی نہیں۔۔تو بطور جزو لوڑی کس طرح واضح،دستاویزی یا حتمی ہوسکتی ہے۔مشترکہ سرزمین پر مشترکہ ثقافت و اقدار و روایات کے باوجود ایک حصے کی زبان الگ ہے اور دوسرے کی الگ۔
یعنی کہ حتمی طور پر کچھ کہنا ،ماننا یا منوانا ممکن نہیں کہ جو دعوے کیے جاتے ہیں وہ کِس قدر حقیقی ہیں۔
سرمستانی بطور قبیلہ بلوچ سماج میں ایک تصور موجود ہے۔زبانی روایات میں بہت کچھ مِلتا ہے لیکن دستاویزی طور پر 1905 ء میں انگریزی حکومتوں نے جو گزیٹئیر چھاپے ہیں اُن میں سے ایک جلد میں لکھا ہوا ملتا ہے کہ بلوچ ہنرمندوں کا گروہ جِسے عموماً لوڑی کا نام دیا جاتا ہے لیکن اِن کا دعویٰ ہے کہ اِن کا تعلق معروف براہوئی قبائل میں سے ہے ۔یعنی کہ 1905 میں بھی اِن لوگوں نے یہی دعویٰ کیا تھا کہ اِن کا نسلی تعلق ہفت یا ہِشت ایلمی خاندان سے ہے جس میں خانِ قلات کی فیملی احمد زئی (قمبرانی) شامِل ہے۔لوڑیوں کی اکثریت خود کو بطور قبیلہ سرمستانی/سرمستاڑی کہلواتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔جاری ہے۔۔۔۔۔۔۔