اکبر بارکزئی: مہرومحبت۔ امن اور انسانیت کے پیکر
اکبر بارکزئی: مہرومحبت۔ امن اور انسانیت کے پیکر
رمضان بلوچ
یہ غالباً جولائی 1962 کی بات ہے جب کراچی کی قدیم بستی لیاری کے ککری گراؤنڈ پر ایک عظیم الشان جلسہ عام منعقد ہوا۔ اگرچہ آل لیاری ایکشن کمیٹی نے کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (KDA) کی اسکیم نمبر 17 کے خلاف احتجاجاٌ یہ اہتمام کیا تھا جس کے تحت یہاں کی پرانی آبادی کو بے دخل کرکے نیو کراچی کے دور دراز علاقے میں منتقل کیا جانا تھا۔ لیکن حیرت انگیز طور پر اس جلسہ میں بلوچستان سے آئے ہوئے اس وقت کی ترقی پسند سیاسی جماعت نیشنل عوامی پارٹی کے رہنما شریک ہوئے اور ان کی شرکت کی وجہ سے یہ ایک تاریخی اور یادگار اجتماع ثابت ہوا۔ ان کی قومی جدوجہد اور پٌرآشوب سیاسی زندگی کا آغاز یہیں سے ہوا۔
بعد کے دنوں میں یہ تمام بلوچ رہنما نہ صرف لیاری سمیت کراچی کے بلوچ علاقوں بلکہ پورے بلوچستان میں مقبول ہوئے۔ انہوں نے نوجوانوں میں قومی سوچ و فکر کی سیاست کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان میں میر غوث بخش بزنجو۔ نواب خیر بخش مری۔ سردار عطااللہ خان مینگل اور میر گل خان نصیر شامل تھے۔ اس جلسہ میں عوام سے ان رہنماؤں کے تعارف کے فرائض دبلے پتلے ایک بہت ہی پٌرکشش اور قدآور نوجوان نے پٌراثر انداز میں انجام دئے۔ اس کے علاوہ پورے جلسہ کا نظام وہ بخوبی چلاتے نظر آئے۔
ہم اس وقت لیاری سکینڈری اسکول میں میٹرک کے طالبعلم تھے۔ سیاست کی کوئی سوجھ بوجھ نہیں تھی۔ بلوچستان میں ریاستی ظلم وجبر کی باتیں پہلی بار ان رہنماؤں کی زبانی ہم نے سنیں تو حیرت ہوئی لیکن ساتھ ساتھ دل میں تڑپ پیدا ہوئی اور قومی جذبہ بھی ابھرا۔ جہاں بلوچ رہنماؤں کی تقاریر سے ہم متاثر ہوئے وہیں اس پٌرکشش اور قدآور نوجوان کی متاثرکن باتوں اور شائستہ انداز نے بھی ہمیں سحر زدہ کردیا۔ بعد میں بلوچ رہنما تو کوئٹہ چلے گئے لیکن ہمیں اس نوجوان سے ملاقات کی جستجو ہوئی۔ پتہ چلا چاکیواڑہ ٹرام جنکشن کے پاس نورمحمد کی سلیمانی ٹی شاپ میں ہر شام وہ آتے ہیں اور نام محمد اکبر بارکزئی ہے۔
مین روڈ پر واقع چار پانچ بانکڑوں پر مشتمل یہ ٹی شاپ بظاہر تو ایک معمولی سا شکستہ حال چائے خانہ تھا لیکن اس کی اہمیت اور افادیت کا اندازہ آپ اس طرح لگا سکتے ہیں کہ اس زمانے میں مشکل ہی سے لیاری کا کوئی نامور (پرانا یا ابھرتا) سیاستدان۔ دانشور و مفکر۔ علمی شخص و سماجی رہنما۔ شاعر و ادیب۔ فٹبالر۔ میوزیشن ایسا تھاجس کا مخصوص “ٹھکانہ” اس ٹی شاپ کے بانکڑوں پر نہ ہو۔ شام کو یہاں بڑی چہل پہل رہتی تھی اور یہ سماں رات گئے تک جاری رہتا تھا۔
ان ہی بانکڑوں پر ہماری پہلی ملاقات واجہ اکبر بارکزئی سے ہوئی۔ ہم دوستوں کا گروپ جب ان سے پہلی بار ملا تو غیر متوقع طور پر انہوں نے پٌرخلوص طریقے سے آگے بڑھ کر اس طرح ہمارا “استقبال” کیا جیسے ہم سے برسوں شناسائی ہو۔ ان کی انکساری۔ شگفتہ لہجہ اور غیرمعمولی علمیت نے گویا اس دن کے بعد ہمیں عمر بھر کے لئے ان کا “اسیر” بنالیا۔
بہت ہی دکھ کی خبر لندن سے 8 مارچ 2022 کو ہم تک پہنچی کہ وہ شخصیت اب اس دنیا میں نہیں رہے جن کی تمام زندگی محبت۔ امن اور انسان دوستی میں گزری۔ وہ نظریاتی اساتذہ کے ایک ایسے ٹرائیکا کے آخری فرد تھے جنہوں نے 60s کے شروع میں روشن خیالی کی شمع جلائی۔ ترقی پسند سوچ و فکر کی آبیاری کی اور نوجوانوں میں آگے بڑھنے کا عزم پیدا کیا۔
نورمحمد کی تاریخی ٹی شاپ کے بانکڑوں پر ان دنوں علم و شعور کی جو “کلاسیں” لگتی تھیں ان میں تین ٹیچرز بہت ہی نمایاں تھے۔ مزاج اور انداز کے لحاظ سے تینوں مختلف تھے۔ واجہ یوسف نسکندی ایک فلسفی اور مفکر ٹائپ کے۔ لالا لعل بخش رند عوامی انداز لئے ہوئے اور اکبر بارکزئی جدید رجحانات کے نوجوان سفیر تھے۔ مشترک بات تینوں میں یہ تھی کہ سائینٹیفک سیاسی اور سماجی علوم وہ نوجوانوں میں بڑے تحمل اور بڑی فراست و خلوص کے ساتھ منتقل کرتے رہتے تھے۔ اکبر بارکزئی ان دونوں استادوں سے عمر میں چھوٹے ضرور تھے لیکن ان ہی کی طرح علمیت میں اعلیٰ مقام رکھتے تھے۔
جولائی 1965 میں “گریٹر بلوچستان” کے کچھ پمفلٹس ایوب سرکار کے ہاتھ لگے۔ یہ تینوں استاد اس وقت کی ترقی پسند سیاسی جماعت نیشنل عوامی پارٹی سے تعلق رکھتے تھے۔ اسی نسبت سے وہ شک کی بنیاد پر سرکار کے عتاب میں آگئے۔ تینوں کو مجبوراً روپوش ہونا پڑا۔ کچھ دنوں بعد واجہ یوسف نسکندی اور لالا لعل بخش رند کو گرفتار کرکے جیل بھیجا گیا۔ واجہ اکبر بارکزئی پر زیادہ سنگین الزامات تھے لیکن وہ پولیس کے ہاتھ نہیں آئے۔ کسی طرح وہ سرحد پار کرکے افغانستان گئے جہاں سے وہ پہلے شام اور پھر لندن چلے گئے۔ ایوبی دور کے خاتمہ کے بعد وہ پاکستان آتے جاتے رہے لیکن مستقل رہائش لندن ہی میں اختیار کی۔
واجہ اکبر بارکزئی بہت ہی دلآویز۔ بااخلاق اور مہرومحبت والے آدمی تھے۔ بڑوں کی عزت اور چھوٹوں سے شفقت ان کا شیوہ تھا۔ وہ بہت بڑے انسان تھے اور ہمیشہ انسانیت کی پرچار کی باتیں کرتے تھے۔ واجہ یوسف نسکندی 2006 اور لالا لعل بخش رند 2010 میں یہ دنیا چھوڑ گئے۔ اب واجہ اکبر بارکزئی نے بھی دنیا سے منہ موڑ کر ایک خلا چھوڑ دیا۔ آخر سب کو ایک نہ ایک دن جانا ہے لیکن عظیم لوگ اپنے پیچھے چند انمٹ یادیں چھوڑ جاتے ہیں۔ اکبر بارکزئی ہمیشہ دلوں میں زندہ رہیں گے۔
FROM LYARI WITH LOVE